مانسہرہ اسٹیڈیم فیفا کے سپرد کر دیا گیا ہے جو 67 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے اسے تمام سہولیات سے آراستہ کر کے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرے گا۔ وزیر مملکت برائے پروفیشنل ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار شاہجہان یوسف نے مانسہرہ پریس کلب کے زیر اہتمام ممتاز صحافی سید اعجاز مشہدی میموریل بیڈ منٹن ٹورنمنٹ کے افتتاح کے موقعے پر کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلہ کے بعد کھیل کے میدان بھی متاثر ہوئے اب مانسہرہ میں کھیلوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ وزیر مملکت نے پریس کلب مانسہرہ کی جانب سے بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کروائی۔