لاہور (جیوڈیسک) ماڈل واداکارہ ماہرہ خان کی دوسری فلم ہومن جان عیدالضحی پرسینماؤں کی زینت بنے گی۔ جس میں ان کے علاوہ اداکارہ سونیا جہاں، بشری انصاری، ارشد محمود، جمال شاہ، شیر یار منور اور عدیل حسین ہیں۔ اس میوزیکل لوسٹوری فلم کے ڈائریکٹر عاصم رضا اور پروڈیوسر شیر یار منور ہیں۔
تفصیل کے مطابق ماڈل واداکارہ ماہرہ خان کی عیدالفطر پر ’’بن روئے‘‘ ریلیز ہوئی جس کو باکس آفس پر اچھا رسپانس ملا اب یہ فلم سات اگست کو بھارت کے سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
ماہرہ خان کے کیرئیر کی تیسری فلم ’’ہو من جان‘‘ بھی ریلیز کے لیے بالکل تیار ہے جس میں ان کے مقابل شہر یار منور اور عدیل حسین نے مرکزی کردار نبھائے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کے موضوع پر بنائی جانے والی اس فلم کا کیمرہ کلوز ہوچکا ہے اور ان دنوں پوسٹ پروڈکشن کو مکمل کیا جارہا ہے۔شہر یار منور صدیقی اس فلم کو پروڈیوس کرنے کے ساتھ خود بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں ۔ اداکارہ کی سال رواں میں ریلیز ہونے والی یہ دوسری فلم ہوگی جس میں وہ ایک گلوکارہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔
ماہرہ خان بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ’’رئیس‘‘ میں اس کی بیوی کا کردار نبھا رہی ہیں جو سال 2016ء میں 8جولائی کو پاکستان، بھارت سمیت یورپ میں بیک وقت نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنے کام کو دیانتداری سے کیا ہے ، مجھے جو بھی کردار دیا اسے چیلنج سمجھا۔
بالی ووڈ میں کام کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہاں اداکار سے لے کر ہر شخص کو معلوم ہے کہ اس نے کیا کرنا ہے۔ ڈائریکٹر شوٹنگ سے پہلے ہی اپنا پیپرورک مکمل کرکے آتا ہے اس نے سیٹ پر پہنچنا اور اپنا کام شروع کردینا ہے۔ شوٹنگ کے دوران سنیئر جونیئر کا فرق ختم اور ہر کوئی اپنی ڈیوٹی میں مصروف ہوتاہے ۔ شاہ رخ خان ، فرحان اختر اور نوید صدیقی کے ساتھ شوٹ کرتے ہوئے کہیں بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔