کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنونیئر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ آئینی و ریاستی ادارے اور سیاسی و مذہبی رہنما ایم کیو ایم اور کراچی کے حوالے سے اپنا دوہرا معیار ختم کریں اگر کراچی میں ووٹر لسٹوں کی گھر گھر جا کر تصدیق کی گئی تو ایم کیو ایم تعاون کرے گی۔ کراچی ایم کیو ایم کی جانب سے اتوار کو یوم شہدا منایا جا رہا ہے جس کے سلسلے میں رہنماؤں اور کارکنان نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جناح گرانڈ کراچی میں شہدا یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں جس طرح اسلحہ کا استعمال کیا گیا اس پر کسی سیاسی و مذہبی رہنماء نے گھر گھر جا کر اسلحے کی تلاشی اور فوجی آپریشن کا مطالبہ کیوں نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور پنجاب کے لیے علیحدہ علیحدہ قانون آخر کیوں ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں بدامنی پھیلانے میں کالعدم تنظیمیں ملوث ہیں۔
آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن پاکستان کو آئین اور قانون کے مطابق پورے ملک میں یکساں انصاف کرنا ہوگا۔ مردم شماری کے ذریعے پورے ملک میں حلقہ بندیاں کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ایم کیو ایم ووٹر لسٹوں کی تصدیق کے عمل میں تعاون کرے گی۔