کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات پر متحدہ قومی موومنٹ جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائے گی اور جمہوری عمل کو محفوظ بنانے کے لئے بھی ضرورت پڑی تو اے پی سی بلائیں گے۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے اتحادی جماعت سے مشاورت جاری ہے رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔ صدر مملکت سے دوسری بار اجلاس میں اس معاملے پر بات ہوگی ۔آئین کے مطابق لیڈر آف اپوزیشن اور لیڈر آف ھاؤس نگراں وزیراعظم کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نگراں سیٹ اپ کے معاملے پر بھی ذمہ دار سیاسی جماعت کا کردار ادا کرے گی۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال سے بحث ہورہی ہے کہ ایم کیو ایم کب حکومت سے باہر آرہی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ اتحادی جماعت ہے اور اس حیثیت میں جمہوریت کے استحکام کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کچھ عناصر تخریب کاری اور دہشت گردی کے ذریعے انتخابی عمل متاثر کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ اس کے خلاف سیاسی جماعتوں کو ضابطہ اخلاق بنانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جمہوریت کو مقامی سطح تک عوام سے منسلک نہیں کیا۔ بدقسمتی سے ملک میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہیں ہو سکا، بیس کروڑ عوام پر سترہ سو موروثی افراد حکمرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بڑی سیاسی جماعتوں سے یہ سوال کریں گے کہ مقامی حکومتوں کا نظام کیوں بحال نہیں کیا گیا۔ امن و امان موجودہ حکومت ، آنے والی نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی بھی ذمہ داری ہو گی۔