محمد طاہر کاشف نے تعیناتی کے فورا ًبعد تعلیمی اداروں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے
Posted on May 6, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: ای ڈی او ایجوکیشن محمد طاہر کاشف نے تعیناتی کے فوراً بعد تعلیمی اداروں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، تفصیلات کے مطابق میانوالی سے گجرات ٹرانسفر ہو کر آنے والے نئے ای ڈی او محمد طاہر کاشف نے گزشتہ روز ڈی سی او گجرات سے ملاقات کی اور اس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ، بعد ازاں ای ڈی او نے ضلع گجرات کے مختلف تعلیمی اداروں میں اچانک چھاپے مارے اور تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حاضری چیک کی ، ای ڈی او نے پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول معین الدین پور سیداں کو فوراً تبدیل کر دیا ، جبکہ بعد میں مدینہ سیداں میں واقعہ گورنمنٹ سکولز کا بھی دورہ کیا اور گورنمنٹ زمیندارہ ہائی سکول کا بھی دورہ کیا ، ای ڈی او نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب یہ چاہتے ہیں کہ پنجاب بھر کے 36اضلاع میں کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ دیا جائیگا اور فری تعلیم کا معیار بہتر بنایا جائے ، انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ضلع گجرات کوالٹی ایجوکیشن کے لحاظ سے صوبہ بھر میں 30ویں نمبر پر ہے ، میری کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے اور کوالٹی ایجوکیشن کے روڈ میپ کے مطابق گجرات کو پہلے نمبر پر لایا جائے ، انہوں نے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں سے ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے ، جن تعلیمی اداروں کو ابھی تک حکومت پنجاب کی جانب سے کتب فراہم نہیں کی گئیں ، ان کو آئندہ ہفتے فراہمی یقینی بنائی جائے گی ، جبکہ اساتذہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا ، اور ان کی پرموشن کا سلسلہ پنجاب حکومت کو پیش کیا جائیگا ، اور خالی آسامیوں پر بھرتی پر بھی پنجاب حکومت سے رائے لی جائیگی ، ہم چاہتے ہیں کہ محکمہ تعلیم سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائیگا اور میرٹ کو ترجیحی دی جائے جبکہ میرے دروازے تمام سرکاری اساتذہ اور عوام کیلئے کھلے ہیں ، تا کہ ان کے مسائل سن کر قانون کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنا سکیں ۔