محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کی نااہلی سے پانی ملا گوشت کی فروخت عروج پر

گجرات (جی پی آئی) محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کی نااہلی سے پانی ملا گوشت کی فروخت عروج پر ، ناغے کے روز بھی گوشت فروخت ہونے لگا اس سلسلہ میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق لالہ موسیٰ شہر میں سرکاری طور پر سلاٹر ہائوس نہ ہونے سے قصاب گھروں میں جانور ذبح کرتے ہیں اور چیکنگ کا خوف نہ ہونے سے قصاب جانور کی شہ رگ سے پانی ڈال کر گوشت کا وزن بڑھا لیتے ہیں ، جبکہ بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت ہونے کی بھی اطلاعات عام ہیں ، اس سلسلہ میں ویٹرنری کے عملہ کا کہنا ہے کہ ہم گھر گھر جا کر گوشت چیک نہیں کر سکتے ، یاد رہے کہ ٹی ایم اے کھاریاں کی طرف سے لالہ موسیٰ میں سلاٹر ہائوس کیلئے فنڈز بھی جاری ہوئے تھے ، لیکن تاحال سلاٹر ہائوس تعمیر نہیں ہو سکا ، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلاٹر ہاوس کی تعمیر میں بااثر شخصیات رکاوٹ عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ لالہ موسیٰ میں سلاٹر ہائوس کی تعمیر میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر گوشت کو چیک کیا جائے ۔