پاکستان (جیوڈیسک) بلوچستان اور ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ قلات اور اسکردو میں درجہ حرارت منفی تین سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات نے عید الاضحی پر موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا۔
بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اکثر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور آئندہ چند روز میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ قلات اور اسکردو ملک کے سرد ترین مقامات رہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی تین رہا۔
کالام اور استور منفی ایک، کوئٹہ صفر، پارا چنار ایک، گلگت چار، پشاور گیارہ، اسلام آباد نو، مری چھ، لاہور تیرہ اور کراچی میں درجہ حرارت اکیس سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عید الاضحی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔