صدر آصف زرداری نے مخدوم سید احمد محمود کو گورنر پنجاب مقرر کر دیا، وہ صبح ساڑھے دس بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ مخدوم احمد محمود پنجاب کے اٹھاسیویں گورنر ہوں گے۔
مخدوم سید احمد محمود پنجاب کے اٹھاسیویں گورنر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ مخدوم سید احمد محمود 1961 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے ہے۔ ان کے دادا مخدوم الملک سید غلام میراں شاہ ریاست بہالپور میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ ان کے والد مخدوم سید حسن محمود 1985 میں محمد نواز شریف کے دور میں اپوزیشن لیڈر رہے۔ ان کی وفات کے بعد سید احمد محمود پہلی مرتب1986 اور پھر دوبارہ 1988 سے لیکر 1990 تک پنجاب اسمبلی کے رکن اور وزیر ایکسائز بنے جبکہ 1990 سے لیکر 1993، 1996 اور 1999 تین مرتبہ رکن قومی اسمبلی رہے۔
وہ ایک مرتبہ چیئرمین ضلع کونسل اور 2001 سے لیکر 2005 تک ضلع ناظم رحیم یار خان بھی رہے۔ انہوں نے کچھ دیر وزیر مملکت کے طورپر بھی خدمات انجام دیں۔ مخدوم سید احمد محمود کے دو صاحبزادے مخدوم مرتضی رکن قومی اسمبلی اور دوسرے مخدوم مصطفی محمود رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور پیر صاحب پگارا ان کے قریبی عزیزوں میں سے ہیں جبکہ رکن پنجاب اسمبلی بشری گردیزی بھی ان کی عزیزہ ہیں۔
مخدوم سید احمد محمود پیشے کے اعتبار سے کسان اور صنعت کار ہیں۔ ان کی سیاسی وابستگی مسلم لیگ فنکشنل سے رہی اور گورنر نامزد ہونے سے پہلے انہوں نے پارٹی کی صوبائی صدارت کے عہدے سے استعفی دیکر گورنر کا عہدہ قبول کیا۔