پاکستان: (جیو ڈیکس) بھارت نے امن کا عمل آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان عبدل الباسط کا کہنا ہے کہ بات چیت کے ماحول میں بھارتی لب و لہجے میں تبدیلی آئی ہے۔
ایک ا مریکی اخبار کو اپنے انٹرویو میں بھارتی سیکریٹری خارجہ رنجن متھائی نے کہا کہ اسلام آباد کی جانب سے تعلقات میں بہتری کیلئے حالیہ اقدامات خاص طور پر بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ملک قرار دینا اہم ہیں۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں پیش رفت پاکستان پر منحصر ہے، وزیراعظم من موہن سنگھ کے دورہ پاکستان سے پہلے کچھ ٹھوس اقدامات کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ رنجن متھائی نے کہا کہ جموں کشمیر میں کنٹرول لائن کو برقرار رکھنا چاہئے، لیکن کشمیر کے دونوں جانب بڑے پیمانے پر تجارت اور آمد و رفت ہونی چاہئے۔ بھارتی سیکریٹری کارجہ نے ایک مرتبہ حافظ سعید پر الزام عائد کرتے ہوئے ان کے آزادانہ گھومنے پھرنے اور اجتماعات سے خطاب پر تشویش کا اظہار کیا۔
امریکی اخبار کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان عبدالباسط کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بھارتی لب و لہجہ میں تبدیلی آئی ہے تاہم مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں دیرپا اور پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔