کراچی(جیوڈیسک)صوبہ سندھ کے مشیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ طویل علالت کے بعد امریکا میں انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ 1946 میں بھارت کے شہر بریلی میں پیدا ہوئے۔ وہ کافی عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث امریکا کی ریاست ہیوسٹن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
انھیں دہری شہریت ہر استعفی کے بعد مشیر کھیل سندھ مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بطور ممبر کرکٹ بورڈ بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔
حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے صلے میں انھیں پرائڈ آف پرفارمنس، تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔ ڈاکٹر محمد علی شاہ پیشے کے اعتبار سے آرتھو پیڈک سرجن تھے۔