مصر(جیوڈیسک)مصری صدر محمد مرسی نے کہا ہے کہ وہ آزادی حق رائے کا احترام کرتے ہیں لیکن اس کی آڑ میں ملک میں قتل و غارت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا برداشت نہیں کریں گے۔ متنازعہ آئین پر 15دسمبر کو ریفرنڈم ہو گا۔
صدارتی حامیوں اور مخالفین کے درمیان پر تشدد جھڑپوں کے بعد محمد مرسی نے مصری عوام سے ٹی وی پر براہ راست خطاب کیا۔ انہوں نے احتجاج کے دوران پرتشدد واقعات میں مظاہرین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ محمد مرسی کا کہنا تھا کہ وہ اظہار رائے کی آزادی کا احترام کرتے ہیں لیکن اپوزیشن کا احتجاج پر امن نہیں، قتل و غارت اور توڑ پھوڑ برداشت نہیں کریں گے۔
مصری صدر نے کہا کہ وہ سیاسی بحران مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے آٹھ دسمبر کو نیشنل ڈائیلاگ میٹنگ بلا لی ہے۔ متنازعہ آئین پر 15دسمبر کو ریفرنڈم ہو گا اور عوام کی رائے کااحترام کیا جائے گا۔ دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مظاہرین نے اخوان المسلمین کے ہیڈ کوارٹر کو آگ لگا دی۔