مصر: (جیو ڈیسک) مصر میں دو روزہ صدارتی انتخاب میں پولنگ کی تکمیل کے بعد اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا آغاز جمعرات کو پولنگ کے اختتام کے فورا بعد ہوا۔ یہ گنتی اختتام ِہفتہ تک جاری رہے گی اور انتخاب کے حتمی نتائج کا اعلان منگل کو متوقع ہے۔اٹھائیس برس تک اقتدار پر براجمان رہنے والے مصری صدر حسنی مبارک کی اقتدار سے علیحدگی کے بعد یہ پہلے صدراتی انتخابات ہیں اور پانچ کروڑ مصری عوام ان میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔ اس انتخاب میں بارہ صدارتی امیدوارں نے حصہ لیا جن میں سے نمایاں چار امیدواروں کا تعلق یا تو اسلامی جماعتوں سے ہے یا پھر وہ سابق صدر حسنی مبارک سے منسلک رہے ہیں۔
پولنگ کے خاتمے کے بعد ایک پریس کانفرنس میں صدارتی امیدوار محمد مرسی کی تنظیم اخوان المسلمون نے اعلان کیا ہے کہ ان کے اندازوں کے مطابق محمد مرسی کو اس انتخاب میں سبقت حاصل ہے۔ محمد مرسی کے علاوہ اس الیکشن میں صدارت کے دو اور مضبوط امیدوار سابق وزیراعظم احمد شفیق اور عرب لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل امر موسی ہیں۔ یہ دونوں حسنی مبارک حکومت کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ ان امیدواروں میں سے کوئی اگر اس مرحلے میں واضح اکثریت حاصل نہ کر سکا تو پھر سولہ اور سترہ جون کو پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کے مابین دوبارہ الیکشن ہوگا۔