عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کار آج سے ایرانی جوہری تنصیبات کا جائزہ شروع کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی کا کہناہے یورینیم کی افزودگی جلد شروع کردی جائے گی۔ عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے تین معائنہ کار گزشتہ رات تہران پہنچے تو سیکڑوں نوجوانوں نے ایئرپورٹ پر عالمی طاقتوں کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کا وفد آج سے ایران کی جوہری تنیصیبات کا دورہ شروع کرے گا جو تین روز تک جاری رہے گا۔ دورے کے بعد وفد عالمی جوہری توانائی ایجنسی کوایران کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ پیش کرے گا۔ ادھر ایرانی وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہاکہ عالمی توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کادورہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کی تشویش ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔