معروف قوال مقبول صابری جنوبی افریقہ میں انتقال کر گئے

maqbool

maqbool

معروف قوال مقبول صابری جنوبی افریقہ میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔وہ فن قوالی میں اپنی مثال آپ تھے اور ستر اور اسی کی دہائی میں انہوں نے اپنی قوالیوں کے ذریعے ایسا نام پیدا کیااور کروڑوں دلوں میں ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے ۔
مقبول صابری کی 1945 میں بھارت کے صوبے مشرقی پنجاب میں عنایت حسین کے ہاں ولادت ہوئی ، فن موسیقی کی ابتدائی تربیت انہوں نے اپنے بڑے بھائی غلام فرید صابری کے ہمراہ اپنے والد سے حاصل کی ۔ گیارہ سال کی عمر میں انہوں نے پہلی اپنے آبائی شہر کلیانہ میں پیر مبارک شاہ کے عرس پراپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اس کے بعد ان کی آواز کلیانہ سے نکل کر پوری دنیا تک پھیلتی ہی چلی گئی ۔
ستر اور اسی کی دہائی میں انہوں نے اپنی خوبصورت آواز کاایسا جادو جگایا کہ رہتی دنیا تک وہ ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے ،ان کی قوالیوں سے بہت سی فلمیں بھی یادگار بن چکی ہیں ۔تاجدار حرم اور خواجہ کی دیوانی جیسی قوالیاں بھی ان ہی کی آواز کا کمال ہے ۔ انہوں نے بھارت سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک کے دورے کیے اور ان کا دعوی تھا کہ وہ اپنی قوالیوں کے ذریعے بہت سے غیر مسلموں کو دائرہ اسلام میں لے کر آئے ، ان کی اہلیہ بھی ایک غیر ملکی تھیں اور بعد میں انہوں نے اسلام قبول کیا ۔