مغربی ممالک اپنا مالی خسارہ کم کریں: وین جیا با

chinese wen jiabao

chinese wen jiabao

چین کے وزیر اعظم وین جیا با نے کہاہے کہ چین یورو زون کے ممالک میں اپنی  سرمایہ کاری   کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا، لیکن ان کا یہ بھی کہناتھا کہ قرضوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی مغربی معیشتوں کو  عالمی بحران سے نمٹنے کے لیے چین پر کلی انحصار کرنے کی بجائے اپنا خسارے کم کرنے کے لیئے اقدامات کرنے چاہیں۔مسٹر وین بدھ کے روز چین میں ایک عالمی معاشی فورم سے خطاب کررہے تھے۔ اپنے اس خطاب میں انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ انہیں مثر مالیاتی پالیسی بنانی اور مالی امور سے متعلق بہتر فیصلے کرنے چاہیں۔چین کے وزیر اعظم نے کہا کہ اس کے جواب میں ان کا ملک عالمی اقتصادی بحران کے مقابلے کے لیے معاشی استحکام لانے اور ملک کے اندر مصنوعات کی کھپت بڑھانے سے متعلق  اپنے حصے کی ذمہ داریاں ادا کرے گا۔چین دنیا بھر میں امریکہ کو سب سے زیادہ قرض فراہم کرنے والا ملک ہے اور اب وہ یورپ میں معاشی استحکام لانے کے لیے نئی سرمایہ کاری کی پیش کش کر رہاہے۔