حیدرآباد : سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ انتہائی نازک ہے، مغرب اور امریکا براہ راست بلوچستان میں مداخلت کر رہے ہیں۔ حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بلوچستان پر بین الاقوامی قوتوں نے یلغار کی ہوئی ہے، مغرب اور امریکا براہ راست بلوچستان کے معاملات میں ملوث ہیں کیونکہ ان کی نظریں بلوچستان کے قدرتی وسائل پر ہیں، حکمرانوں نے سانحہ مشرقی پاکستان سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معاملے پر دفاع پاکستان کونسل کی اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے اگر حکومت نے اے پی سی بلائی تو اس میں ضرور شرکت کریں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تین سال تک خاموش رہنے والوں کو اچانک دفاع پاکستان کا خیال کیسے آ گیا، دفاع پاکستان کونسل میں کالعدم تنظیموں کے شامل ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضیا الحق اور جنرل پرویز مشرف کے اقتدار کو تحفظ دینے والی مذہبی جماعتوں کے ساتھہ کسی اتحاد میں شامل نہیں ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بااختیار نہیں، نو سیٹوں کے ضمنی الیکشن پر اتنے ہنگامے ہوئے تو عام انتخابات میں کیا صورتحال ہو گی۔