مقبوضہ کشمیر میں خود ساختہ مردم شماری کا انکشاف

Kashmir

Kashmir

سرینگر(جیوڈیسک)بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں خود ساختہ مردم شماری کا انکشاف، شہریوں سے ان کی عمریں، نام، ٹیلی فون اور پیشہ جات بارے معلومات حاصل کرنا شروع کر دیں۔

بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر گھروں میں داخل ہو کر لوگوں کی تفصیلات جمع کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ بارہمولہ، بانڈی پورہ سمیت شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گئے اور خود ساختہ مردم شماری شروع کر دی ہے۔

فوجی اہلکار مقامی رہائشیوں کی تمام ترتفصیلات جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ لوگوں سے ان کے نام، عمریں، پیشہ جات اور ٹیلی فون نمبر سمیت مختلف حوالے سے پوھ گچھ کے علاوہ تمام معلومات کو تحریری شکل میں جمع کیا جا رہا ہے۔

بڈگام کے چند رہائشیوں نے بتایا کہ انہیں فوج کی جانب سے ایک پلیٹ فارم دیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی کہ اس پر اپنی تمام تفصیلات درج کر کے دستخط کے ساتھ واپس کریں جبکہ کئی جگہوں پر گاں کے نمبردار کے ذریعے لوگوں میں فارم تقسیم کئے گئے ہیں۔

بھارتی فوج کی جنرل آفیسر کمانڈ نے ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا ہے جبکہ ایک فوجی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اعتراف کیا ہے کہ کچھ فوجی کمپنیز اپنے ریکارڈ کو اپ گریڈ کرنے کے لیے فوجی اختیارات کے اندر رہتے ہوئے معلومات اکٹھی کر رہی ہیں۔