ملالہ پرحملہ کرنے والے انسانی روپ میں درندے ہیں،انکا کوئی دین،ایمان نہیں: ایم اے تبسم

Malala Yousufzai

Malala Yousufzai

لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان ”سی سی پی”کے بانی وچیئرمین غازی شاہد رضا علوی نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی قومی اثاثہ ہے حکومت انکو تحفظ دینے کیلئے اقدامات کرے ملالہ یوسف زئی پر حملہ دراصل امن اور بچیوں کی تعلیم پرحملہ ہے انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی نے سوات میں امن کی بحالی کیلئے جوکردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے جبکہ ملالہ یوسف زئی نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی پاکستان کانام روشن کیا ،سی سی پی کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کہا کہ جن لوگوں نے معصوم بچیوں کونشانہ بنانے کی کوشش کی انکا کوئی دین اورایمان نہیں ہے بلکہ وہ انسان نہیں درندے ہیں انہوں نے کہاکہ سوات میں دہشت گردی کے باعث سوات سمیت پورے ملک میں سیاحت کوشدیدنقصان پہنچنے کا احتمال ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگرحکومت نے ان دہشت گردعناصر کے خلاف فوری ایکشن نہ لیا تونہ صرف سوات بلکہ پورے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم اورسیاحت متاثرہونے کاشدید خدشہ ہے حکومت فوری طورپر ان دہشت گردعناصر کے خلاف فوری کاروائی کرے ۔ایم اے تبسم نے مزیدکہا کہ ملالہ یوسف زئی پرقاتلانہ حملہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے دہشت گرداپنے گھٹیافعل سے اسلام کی کوئی خدمت نہیں کر رہے ہیں۔سینئرنائب صدرعقیل خان نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے اپنی تحریراورسوچ کے ذریعے موجودہ حالات وواقعات کی صحیح ترجمانی کی ہے۔نائب صدرامتیازعلی شاکرنے کہا کہ ملالہ یوسف زئی قوم کی ہونہار بیٹی ہے جسکی زندگی کیلئے دعائیں کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس پرفائرنگ کرنے والے انتہا پسند لوگ ملک کے غدار ہیں، جنرل سیکرٹری فیصل اظفرعلوی نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی جیسی بچیاں بچے ہمارے ملک کا اہم سرمایہ اور اثاثہ ہیں جو مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں ترقی کی جڑیں کاٹنے کیلئے بین الاقوامی سازشیں کی جا رہی ہیں اور اغیار کیساتھ ملک کا امن تباہ کرنے میں ہمارے اپنے حکمران اور ذمہ دار افراد بھی سازشی عناصر کا ساتھ دے رہے ہیں۔