ملالہ یوسف زئی اور دیگر طالبات سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی

گجرات (جی پی آئی)APFUTUکے زیر اہتمام ملالہ یوسف زئی اور دیگر طالبات سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ اور دعائیہ تقریب منعقد ہوئی ، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آل پاکستان فیڈریشن آف یونائیٹڈ ٹریڈ یونینز کے زیر اہتمام جیل چوک گجرات سے لیکر ضلع کچہری ، ڈی سی او آفس تا ضلع کونسل ہال تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، جس میں مزدور راہنمائوں کے علاوہ برکس کلن ورکرز ویلفیئر سکول کے درجنوں طلباء و طالبات نے شرکت کی اس موقع پر طلباء و طالبات نے ملالہ یوسف زئی اور دیگر زخمی طالبات سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے ، احتجاجی مظاہرے میں وزیرستان ، کوئٹہ ، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور ڈرئون حملوں سے متاثرہ افراد سے بھی اظہار یکجہتی کی گئی۔

حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی سمیت ڈرون حملوں کو روکا جائے اور بچوں کے قتل عام کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں جبکہ شعبہ تعلیم سمیت محکمہ صحت کو بھی بچوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کہا جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ بچوں کے حقوق کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں احتجاجی ریلی کے بعد ، ضلع کونسل ہال گجرات میں ایک دعائیہ تقریب منعقد ہوئی ، جس میں پیرزادہ امتیاز سید ، ڈی او سوشل ویلفیئر محمد ارشد ، ڈپٹی ڈی ای او ملک ریاض ، امتیاز حسین شاہین ، محمد نوید ، فراست حسین ڈار ، رانا ایوب علی خان ، سلیمان ریاض چوہدری سمیت کئی اہم مزدور راہنمائوں نے شرکت کی جبکہ دعائیہ تقریب سے بچوں نے خطاب بھی کیا اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے یاد رہے کہ APFUTUکی جانب سے انسانی حقوق اور مزدوروں کے حقوق کیلئے ہر سطح پر ہمیشہ آواز اٹھائی گئی ہے۔