ملتان(جیوڈیسک)ملتان ریلوے سٹیشن پر پاکستان ایکسپریس کے مشتعل مسافروں نے توڑ پھوڑ کی اور پتھراو کیا، مشتعل مسافروں کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کی اور 7 افراد کو حراست میں لے لیا۔ راولپنڈی سے کراچی جانیوالی پاکستان ایکسپریس کے مشتعل مسافروں نے ملتان ریلوے سٹیشن پر ٹرین کے انجن پر دھاوا بول دیا۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرین کا انجن بار بار فیل ہونے سے ٹرین پہلے ہی 16 گھنٹے سے تاخیر کا شکار ہے جس نے انہیں اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔
مسافروں نے پہلے تو پر امن احتجاج کیا اور نئے متبادل انجن کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر مسافروں کا احتجاج تشدد میں بدل گیا اور انہوں نے انجن میں توڑ پھوڑ شروع کر دی۔ بیشتر مظاہرین نے ریلوے سٹیشن پر قائم دفاتر میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ پلیٹ فارم نمبر 3 اور 5 پر ریلوے املاک کو نقصان پہنچایا۔ مشتعل مظاہرین نے ریلوے ٹریک کو بھی بلا ک کر دیا جس کے باعث ریلوے حکام نے کراچی سے پنڈی جانیوالی ٹرین کو ملتان سٹیشن سے کچھ فاصلے پر ہی روک لیا۔ اسی دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
پہلے تو مسافروں کو ہوائی فائرنگ سے اور بعد میں لاٹھی چارج کے ذریعے منتشر کرنے کی کوشش کی تاہم مشتعل مظاہرین نے توڑ پھوڑ اور پتھرا کا سلسلہ جاری رکھا ۔پولیس نے 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملتان ریلوے سٹیشن پر پولیس لاٹھی چارج کا ایک ہی روز میں یہ دوسرا واقعہ تھا۔ اس سے قبل کراچی جانیوالی ہزارہ ایکسپریس کے مسافروں نے بھی احتجاج کیا تھا جسے پولیس کو لاٹھی چارج سے منتشر کرنا پڑا تھا۔