رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکروں نے سات ارب چوالیس کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی سات ماہ کے دوران ملکی ترسیلات زر میں اکیس فیصد کا نمایاں اضافہ رہا۔
جولائی سے جنوری کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکروں نے سات ارب تینتالیس کروڑ انسٹھ لاکھ ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجا جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران چھ ارب گیارہ کروڑ ڈالر پاکستان آئے تھے۔ اسٹیٹ بینک کی جاری رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری کے دوران تمام ہی ممالک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے۔
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ورکروں نے ان سات ماہ کے دوران دو ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات سے ایک ارب چونسٹھ کروڑ ڈالر، امریکہ سے ایک ارب بتیس کروڑ ڈالر اور ناروے، سوئیزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا اور جاپان سے بھی انسٹھ کروڑ اننچاس لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان آئیں۔