کمرشل بینکوں کے ذخائر میں مسلسل اضافے کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران چھ کروڑ اکیاسی لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستائیس جنوری تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر چھ کروڑاکیاسی لاکھ ڈالر بڑھ کر سولہ ارب ستاسی کروڑ ڈالر ہو گئے۔ اسٹیٹ بینک سے بیرونی ادائیگیوں کے سبب مرکزی بینک سے ڈالر کے ذخائر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے جب کہ مستقبل میں ڈالر کی طلب اور قیمت میں اضافہ کو مد نظر رکھ کرکمرشل بینکس اپنے ڈالر کے ذخائر بڑھا رہے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران مرکزی بینک کے ڈالر ڈپازٹس تین کروڑ چار لاکھ ڈالر کم ہو کر بارہ ارب باون کروڑ تیس لاکھ ڈالر رہ گئے۔ دوسری جانب گزشتہ ہفتے کمرشل بینکوں کے ڈالر ڈپازٹس مزید نو کروڑ پچیاسی لاکھ ڈالر اضافے کے بعد چار ارب چونتیس کروڑ اکہترلاکھ ڈالر ہو گئے۔