ملکی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرینگے ، گیلانی

gilani

gilani

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں مگر ملکی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایبٹ آباد واقع سے پاک امریکہ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی قوت کے حامل پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے امریکہ کے ساتھ کوئی خفیہ معاہدہ نہیں۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مستحکم اور پر امن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور ہمسایہ ملک میں قیام امن کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر موجود سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا موقع ملا اور دنیا کو پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت ملکی مفادات کے لئے متحد ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ سے ہونے والی عوامی مشکلات کا احساس ہے، لوڈشیڈنگ میں خاتمے کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔ اسی سلسلے میں پیر کے روز اسلام آباد میں انرجی کانفرنس طلب کی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے سمیت مختلف اداروں کی تنظیم نو اور استعد اد کار بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب کا علیحدہ صوبہ بنانے کے حق میں ہیں لیکن اس کے لئے آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔