پنجاب(جیوڈیسک)ملک بھرمیں بجلی کا بحران بدستور جاری ہے۔ جس سے روزے داروں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ بجلی کے مارے روزے دار بجلی کی طویل بندش کے خلاف لاہور،ملتان اور کوٹ رادھا کشن سمیت کئی شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔ بجلی کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا۔ شارٹ فال ساڑھے چار ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرنے سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل تر ہوگیا۔
شہروں میں دس گھنٹے اوردیہات میں پندرہ پندرہ گھنٹے بجلی غائب ہے۔ روزے دار افطار و سحراندھیرے میں کرنے پر مجبور ہیں۔ لاہور دھرم پورہ میں لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا اورٹائر جلاکر ٹریفک بلاک کردی۔ کوٹ رادھا کیشن میں مظاہر ین نے رائیونڈ چھانگا مانگا روڈ بلاک کر دیا۔
ملتان میں بھی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیر ن کی تو روزے دار سڑکوں پر نکل آئے اورٹائرنذرآتش کئے۔ سکھرکے علاقے گرم گودھی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مکینوں نے ٹائر نذر آتش کر کے احتجاج کیا۔ بلوچستان میں ژوب سمیت کئی شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چودہ گھنٹے طویل ہوگیا ہے ۔جس سے پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے۔
وزارت پانی و بجلی نے لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے پاور ڈسٹری بیوشن اداروں کے چیف ایگزیکٹوز کو ہدایت کی ہے کہ سحری اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ یقینی بنائیں۔