ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے، بالائی علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع ہے، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی چھ اور دارالحکومت اسلام آباد میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا بھی امکان ہے۔ آئندہ دو روز کے دوران ملک کے زیادہ تر بالائی علاقے بادلوں کی لپیٹ میں رہیں گے۔ کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں درجہ حرارت منفی ایک اور مری میں منفی دو سینٹی گریڈ رہا۔