اسلام آباد : قومی ادارہ صحت نے ملک بھر میں اب تک دو ہزار چار سو تیرہ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی ہے۔ خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس سے متاثر آٹھ اضلاع ہائی رسک قراردے دیئے گئے۔ کراچی میں مزید آٹھ افراد جبکہ نواب شاہ میں بھی ایک شخص میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ قومی ادارہ صحت نے ملک بھرمیں ڈینگی وائرس سے متاثر افراد کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔ دوہزار سات سو آٹھ مریضوں میں ڈینگی وائرس کا شبہ ہے،پنجاب میں دو ہزار ایک سو ستر، سندھ میں ایک سو چھہتر، خیبر پختونخوا میں آٹھ اور آزاد جموں و کشمیر میں پانچ مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی۔ این آئی ایچ کا کہنا ہے اسلام آباد،لاہور،کراچی اور نوشہرہ میں ڈینگی سے اب تک چار افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، نوشہرہ، مردان اور طورغرہائی رسک قراردیدیئے گئے۔ صوبائی محکمہ صحت کے حکام کا اجلاس بارہ ستمبر کو پشاور میں طلب کیا گیا ہے۔ ڈینگی وائرس کی بروقت تصدیق کیلئے اسکریننگ کٹس نصب کردی گئی ہیں تاہم سہولتوں کا فقدان ڈینگی وائرس کے پھیلاو میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔ کراچی میں ڈینگی کے مزید آٹھ کیسز سامنے آئے ہیں۔ شہر میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد تیرہ ہو گئی ہے۔ سول اسپتال حیدرآباد میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کے لیے آئیسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔