پاکستان : (جیو ڈیسک) ملک بھر میں سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دیا۔ درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ شہری ٹھنڈے مشروبات کے ذریعے گرمی کا توڑ ڈھونڈتے نظر آئے۔
ملک کے جنوبی اور میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ سندھ اور بلوچستان میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ گیا۔ گرمی کی لہر میں اضافے سے لوگوں نے ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھا دیا۔ جبکہ کڑی دوپہر میں شہری سائباں تلاش کرتے رہے۔ داد، نور پور تھل،سبی اور موہنجو داڑو میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا۔ اسلام آباد 37، فیصل آباد ، لاہور 40، کوئٹہ 31، ملتان41، پشاور 37 اور مظفر آباد میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب مری میں سرد ہواں سے موسم خوشگوار ہو گیا اور میدانی علاقوں کے گرمی کے ستائے افراد نے ملکہ کوہسار کا رخ کر لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے میں شمال مشرقی بلوچستان، بالائی پنجاب ، خیبر پختونخوا، سکھر، لاڑکانہ ، مکران ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔