اسلام آباد(جیوڈیسک)وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے ملک کا نظام عام انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حکومت منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گی۔
مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تمام اہم قومی امور پر فیصلے مشترکہ مفادات کونسل کے پلیٹ فارم اور اتفاق رائے سے کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا چیف الیکشن کمشنر کا اتفاق رائے سے تقرر اس بات کا ثبوت ہے ملک میں جمہوری عمل پروان چڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا انتخابات کا وقت قریب ہے۔ ملک تیزی سے انتخابات کی طرف بڑھ رہا ہے جن کے منصفانہ ہونے پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔ اجلاس میں پاکستان ریلوے کی بحالی، تنظیم نو، پٹرولیم پالیسی اور قومی معدنیات پالیسی کی منظوری دی جائے گی۔