ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدید لہر ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ جو تین روز تک جاری رہے گا۔ وفاقی دارلحکومت میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گرگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں اکثر مقامات پربارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو گی۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈی جی خان ڈویژن میں بھی چند مقامات پر بارش ہو گی۔ ملک کے میدانی علاقوں اور سکھر ڈویژن میں شدید دھند کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہے گا۔ کالام میں درجہ حرارت منفی چودہ، پارا چنار منفی گیارہ قلات منفی دس مالم جبہ منفی نو، راولاکوٹ، سکردو، کوئٹہ میں منفی آٹھ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملکہ کوہسار میں درجہ حرارت منفی پانچ تک گر گیا ہے۔