ملک و قوم کو پرویز مشرف جیسے جرأت مند قائد کی ضرورت ہے ، محمد علی جعفری
Posted on January 21, 2013 By Zain Webmaster کراچی
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سیکریٹری انفارمیشن محمد علی جعفری نے کہا ہے کہ لندن سے براہ راست نشر ہونے والے بھارتی چینل کو پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے دیئے گئے انٹرویو میں پرویز مشرف نے جس طرح جرأت و دلیری سے پاکستان کا مقدمہ لڑتے ہوئے پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں کا راز فاش کیا اور کشمیر کی حقیقی صورتحال پر روشنی ڈال کر بھارتی اینکر کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اس نے ثابت کر دیا کہ پرویز مشرف ہی وہ جرأتمند ، دیانتدار اور قومی امنگوں کے حقیقی ترجمان و قائد ہیں جن کی قیادت میں پاکستان دفاعی ، جغرافیائی ، داخلی وخارجی مسائل کے ساتھ توانائی سمیت تمام بحرانوں پر قابو پا کر ایک بار پھر استحکام و ترقی کی شاہراہ پر رواں ہو سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے عوام پرویز مشرف کے سنہرے دور اقتدار کو یاد کر رہے ہیں۔
ایک بار پھر پرویز مشرف کی قیادت میں وطن عزیز کیلئے اپنا فعال ومثبت کردار ادا کرنے کیلئے قوم تیار ہے اور اگر انتخابات منصفانہ ، غیر جانبدارنہ اور شفاف ہوئے تو عوام پرویز مشرف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کا انتخاب کر کے پرویز مشرف کو ایک بار پھر ملک و قوم کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر سلامتی و استحکام اور ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کا فریضہ سونپیں گے۔