بھارت میں آٹھ ریاستوں کے وزرائے اعلی اور کئی بڑی علاقائی جماعتوں کی جانب سے قومی انسداد دہشتگردی مرکز کے قیام کی تجویز کی مخالفت پر مرکزی وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ داخلی سلامتی مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات سنیچرکو کولکتہ میں نیشنل سکیورٹی گارڈز کے کولکتہ مرکز کے افتتاح کے موقع پر کہی۔
بھارت کی مرکزی حکومت نے سنہ دو ہزار آٹھ میں ممبئی حملوں کے بعد کولکتہ، چنئی، حیدرآباد اور ممبئی میں نیشنل سکیورٹی گارڈز کے مستقل مراکز کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ چدمبرم نے اپنے خطاب میں کہا،اندرونی سلامتی ایک پیچیدہ معاملہ ہے اور ملک کی سلامتی مرکز اور ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بھارتی آئین نے پولیس اور قانون نظام کی ذمہ داری ریاست کو دی ہے لیکن ساتھ ہی دفعہ 355 کے تحت ملک کے ہر حصے کو بیرونی حملے اور اندرونی عوارض سے سلامتی کا کام بھی سونپا ہے۔