اسلام آباد (جیوڈیسک) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند ایک مقامات پر تیز ہواوں اور گرج وچمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ آج سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس کی کیفیت ختم ہونے کا امکان ہے۔
شہریوں کے لیے عید کی خوشیاں دوبالا ہونے کا امکان ہے۔ اب عید گرمی کے ساتھ نہیں خوبصورت موسم کے ساتھ منائی جائیگی کیونکہ محکمہ موسمیات نے آج سے گرمی کی شدت کم ہو جانے کی پیش گوئی کر دی ہے۔ ملک میں مون سون کے بعد ہونے والی بارش نے موسم تبدیل کر دیا ہے۔ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم ہلکا سرد ہو گیا۔ نواب شاہ اور دادو میں گزشتہ روز ہونے والی بارش سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آگئی۔
ملتان میں بارش کے بعد آج صبح سے چلنے والی سرد ہواوں نے موسم خوشگوار بنا دیا ہے۔قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں کئی روز کی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے تاہم بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 36 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ کشمیر کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔