لاہور (جیوڈیسک)سیاسی میدانوں اور ایوانوں میں عوام کے نام پر کھیل جاری ہیں اور منافع خور اپنے ایجنڈے کے تحت عوام کا خون نچوڑنے کے درپے ہیں۔ لاہور میں آٹے کی قیمت میں مزید دو روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔
آجکل اسلام آباد میں عوام کو صاف ستھری قیادت کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے دھرنا جاری ہے تو اس دھرنے سے باہر سیاستدان بھی عوام کے غم میں گھلے جا رہے ہیں لیکن دوسری طرف عوام کے منہ سے دو وقت کا نوالہ چھیننے کے لئے آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور دو دنوں میں چکی کے آٹے کی قیمت دو روپے اضافے سے 42روپے فی کلو تک پہنچا دی گئی ہے۔
آٹے کی قیمت میں اضافے کی وجہ گندم کی قیمت میں اضافہ ہے جو منافع خوروں نے چند ماہ پہلے کاشتکاروں سے ایک ہزار روپے فی من خریدی تھی اور آج بلاجواز 1400روپے فی من بیچی جا رہی ہے اور کوئی ان کو پوچھنے والا نہیں۔ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں لیکن عوام کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ چکے ہیں۔