وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ منصور اعجاز نے سوئٹزر لینڈ میں ای میل کے ذریعے پاکستانی سفارت خانے کو ویزہ درخواست دی ہے۔ منصور اعجاز امریکی شہری ہیں اور قانون کے مطابق انہیں واشنگٹن میں درخواست دینی چاہیے۔ وزارت داخلہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آج بھی اس بیان پر قائم ہیں کہ منصور اعجاز اتنا طاقت ور کیسے ہوا کہ اس نے بے نظیر بھٹو کی حکومت گرائی۔ ماہرین کو منصور اعجاز کے خلاف مواد اکٹھا کرنے کو کہا ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ ہم کمیشن میں بھی منصور اعجاز کے خلاف پیش ہوں گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اطلاعات ملی تھیں کہ بعض شرپسند کالے کوٹوں میں افراتفری پیدا کرنا چاہتے ہیں تاہم اسلام آباد پولیس نے بہترین سیکیورٹی پلان تشکیل دے کر ان عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کا تقاضا کہ کہ مشرف کو پاکستان آتے ہی گرفتار کرلیا جائے تاہم سابق صدر اور فوج کے سابق سربراہ ہونے کی حیثیت سے انہیں سیکیورٹی ملے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج سپریم کورٹ میں ایم کیو ایم کو نہ بلانے کی غلطی ہوئی ہے آئندہ ایسا نہیں ہو گا۔