اسلام آباد: (جیو ڈیسک) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ وہ کسی ایجنسی کے کہنے پر میمو کمیشن میں پیش نہیں ہوئے بلکہ اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لئے آئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ ایسے الزامات غلط ہیں کہ وہ ایجنسیوں کے کہنے پر کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ منصور اعجاز نے را کے عہدیداروں سے ملاقات کے حوالے سے ان پر سنگین الزامات عائد کئے تھے، ایسے شخص کو کشمیری عوام پسند نہیں کرتے اور وہ اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لئے کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔
یاسین ملک نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے اس بیان پر قائم ہیں کہ اگر ثابت ہو جائے کہ انہوں نے را کے کسی عہدیدار سے ملاقات کی ہے تو وہ اپنی سیاسی جدوجہد ترک کر دیں گے۔