وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات مثبت رہی۔ کشمیر، سرکریک، پانی، دہشت گردی اور دیگر تمام امور پر بات چیت ہوئی جبکہ وزیراعظم من موہن سنگھ کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی امن پسند شخصیت ہیں، مذاکرات کا آئندہ دور تعمیری اور نتائج پر مبنی ہوگا۔ سترہویں سارک کانفرنس کے موقع پر مالدیپ کے شہر ادو میں ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات بہت اچھی رہی، جس میں تمام بنیادی ایشوز اور دیگر امور زیر غور آئے۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان نئے دور کا آغاز ہوگا۔ بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ الزام تراشیوں کے دور کو اب قصہ پارینہ بنادینا چاہئے، دونوں ملکوں کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہئے۔ دونوں ممالک پہلے ہی بہت وقت ضائع کرچکے ہیں، ابھی بھی بہت سے معاملات تصفیہ طلب ہیں۔