نواکچوٹ : (جیو ڈیسک) موریطانیہ میں ہزاروں افراد نے ایک مرتبہ پھر صدر کے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق موریطانیہ کے صدر محمد اولد عبدالعزیز کے استعفی کا مطالبہ کرنے والے ہزاروں افراد دارلحکومت نواکچوٹ کی گلیوں میں جمع ہو گئے اور صدر کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی ۔
اس موقع پر مظاہرین نے وسطی نواکچوٹ سکوائر پر قبضے اور دھرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں سکوائر پر قبضے سے باز رکھا اور انہیں منتشر کر دیا ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما مصطفیٰ اولد بدر الدین نے خبر دار کیا کہ صدر کے مستعفی ہونے تک احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ حکومت ایک مرتبہ پھر بحران کی جانب جا رہی ہے تاہم ہم پر امن انداز میں مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرین نے ریلی کی اجازت حاصل کر رکھی تھی تاہم وہ دھرنا دینے کے مجاز نہیں تھے۔