لاہور (جیوڈیسک)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر عوام نے ان کو موقع دیا تو وہ ملک میں پیپلز پارٹی کا ڈالا ہوا سیاسی گند صاف کرنے کو تیار ہیں۔
لاہور میں محمود بوٹی بند کے قریب پہلی لینڈ فل سائٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سیگفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کو پیپلز پارٹی نے کرپشن کی غلاظت سے بھر دیا ہے اور اگر پاکستان کے عوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تو وہ اس غلاظت کو صاف کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے بھی پیسے لیے ان کو معافی نہیں ملنی چاہیے اور بلا تفریق کارروائی ملک کے لیے بہتر ہو گی۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اسلام آباد میں بیٹھنے والوں کے کرپشن کے ڈھیر ختم کرکے ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنایا جائے۔