لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) رابی پیرزادہ کے وکیل نے عدالت میں گلوکارہ کی بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتیں۔
لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیرقانونی طور پر مگر مچھ اور سانپ پالنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ حارث صدیقی نے سماعت کی۔
دوران سماعت رابی پیرزادہ کے وکیل حسن خالد رانجھانے مقدمہ میں بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ رابی پیرزادہ کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں ہے، محکمہ جنگلی حیات نے کارروائی پہلے شروع کی سرچ وارنٹ بعد میں لیے، محکمہ جنگلی حیات نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر رابی پیرزادہ کو مقدمہ میں ملوث کیا۔
بیرسٹر حسن خالد رانجھا نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت مقدمے میں رابی پیرزادہ کو بری کرنے کا حکم دے۔ اس کے علاوہ عدالت میں گلوکارہ رابی پیرزادہ کے وکیل نے گلوکارہ کی حاضری سے استثنٰی کی درخواست بھی دائر کرتے ہوئے کہا رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں ، رابی پیرزادہ کی جان کو خطرہ ہے لہذٰا وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں۔
واضح رہے کہ محکہ تحفظ جنگلی حیات نے گزشتہ برس 13 ستمبر کو گلوکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیر قانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگر مچھ رکھنے کے الزام میں وائلڈ لائف ایکٹ 1974 ترمیم شدہ 2007 کے تحت تحفظ شدہ حشرات کو غیر قانونی طور پر اپنے گھر میں رکھنے پر چالان درج کیاتھا۔ ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ نے بتاتھا کہ گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں، مگر مچھ اورشیر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں جس کی بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔