امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے میمواسکینڈل کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔ حسین حقانی نے موقف اختیار کیا ہے کہ میمو اسکینڈل کے حوا لے سے دائر کی گئی درخواستیں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ ان درخواستوں میں کوئی ٹھوس مواد پیش نہیں کیا گیا۔ محض اخباری تراشوں اور تصورا تی با توں کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ حسین حقانی نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے خلاف دائر درخواستوں کو خارج کیا جائے۔ دوسری جانب حسین حقانی نے ان کے ملک چھوڑنے پر پابندی کے حکم کے خلاف عدالت میں ایک درخواست بھی دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان پر پابندی یکطرفہ طور پر ہے ان کا موقف سنے بغیر عائد کی گئی ہے جو نقل و حرکت کے آئینی حق کے منافی ہے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ حکم وآپس لیا جا ئے۔