سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار احمد چوہدری نے حسین حقانی کی اپیل سماعت کے لیئے منظور کر لی ہے۔ سابق سفیر کی درخواستوں اور میمو اسکینڈل کیس کی سماعت انیس دسمبر کو ہو گی۔ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی جانب سے دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کے بعد حسین حقانی کے ملک چھوڑنے پر پابندی کا حکم جاری کیا تھا ۔ جس پر سابق سفیر نے یہ حکم واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی۔ رجسٹرار نے ان کی درخواست پر یہ اعتراض کیا تھا کہ وہ فیصلہ واپس لینے کی نہیں بلکہ نظر ثانی کی استدعا کرسکتے ہیں۔ اس اعتراض کے خلاف حسین حقانی نے اپیل داخل کی جس میں انھوں نے موقف اختیار کیا کہ نظر ثانی کی استدعا کا مطلب انھیں سنے جانے کے حق سے محروم کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے حسین حقانی کی اپیل منظور کر لی۔