اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ نے میمو کمیشن کی مدت میں چھ ہفتے کی توسیع کردی۔حسین حقانی کا بیان ویڈیو لنک پرریکارڈ کرنے کیلئے درخواست پر سماعت کی استدعا منظور کرلی۔سپریم کورٹ کے دس رکنی بنچ نے میمو اسکینڈل سے متعلق تین درخواستوں کی سماعت کی۔ میمو کمیشن کی مدت میں توسیع کیلئے چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے معلوم کیا کمیشن کو مزید کتنا وقت درکار ہوگا۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ مزید چھ ہفتے دئے جائیں۔ چیف جسٹس نے میمو کمیشن کی مدت میں مزید چھ ہفتے کی توسیع کردی۔
دوسری درخواست حسین حقانی کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرانے سے متعلق تھی۔ حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر کی غیرموجودگی کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا جسٹس نے منظور کرلی۔ حسین حقانی کو پاکستان بلانے اور نام ای سی ایل میں شامل کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔