سپریم کورٹ(جیوڈیسک)سپریم کورٹ نے میمو گیٹ کیس کی سماعت 5 کے بجائے 12 نومبر کو کرنے کیلئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے میمو گیٹ کیس کی سماعت 5 نومبر کو ہونا تھی تاہم کچھ ناگزیز وجوہات کی بنا پر اب سماعت 12 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔
تمام فریقین کو 12 نومبر کے لئے نوٹسز جاری کردئے گئے ہیں۔ ایبٹ آباد آپریشن کے بعد امریکا میں پاکستان سے متعلق میمو لکھے جانے کا انکشاف ہوا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان میں درخواستیں دائر ہوئیں، میمو کیس کی سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں نو رکنی لارجر بنچ میں ہوتی رہی ہے۔
اس میں عدالتی حکم پر اعلی عدالتی کمیشن قائم ہوا تھا جس نے رپورٹ میں میمو کو حقیقت قرار دیتے ہوئے اس کو لکھوانے کہ ذمہ داری سابق سفیر حسین حقانی پر عائد کی تھی ، حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے اس رپورٹ کے خلاف درخواست بھی دائر کررکھی ہے، اب سپریم کورٹ میں 12 نومبر کو پھر اس کیس کی سماعت ہوگی۔