لاہور : پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے میمو گیٹ اسکینڈل پر سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے جوابات سے صدر زرداری کی بیماری طوالت پکڑ سکتی ہے۔ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیرقانون نے کہا کہ میمو گیٹ اسکینڈل پر سپریم کورٹ جانے پر وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ پیپلزپارٹی کو پارلیمنٹ میں اکثریت حاصل نہیں ہے دوسری پارٹیاں متفق ہوکر کوئی آئینی حل نکالیں حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا میمو گیٹ اسکینڈل کے حوالے سے سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے جوابات حکومتی نقطہ نظر کے مطابق نہیں ہیں جس کے بعد صدر کی بیماری طوالت پکڑ سکتی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شفاف انکوائری کیلئے امریکہ میں سفیر حسین حقانی سے استعفی لیا گیا اس لئے ان لوگوں کو بھی استعفی دینا چاہئے جن کے نام اس اسکینڈل میں آئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیرقانون کا کہنا تھا کہ منصور اعجاز کا مسلم لیگ نون سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا رابطہ حسین حقانی اور پیپلزپارٹی سے تھا۔