لندن(جیوڈیسک)لندن اولمپکس کے مینز ہاکی ایونٹ میں سابق چیمپیئن پاکستان اور اسپین کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رھا پاکستان کی دفاعی لائن نے بہتر کھیل پیش کیا۔ گروپ اے میں شامل پاکستان اور اسپین کے درمیان پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، دونوں ٹیموں کی جانب سے گول کرنے کے متعدد مواقع ضائع کیے گئے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو دو پینلٹی کارنر ملے جو ضائع ہوئے،اسپین نے بھی پینلٹی کارنر پر گول کرنے کا موقع گنوا دیا۔
کھیل کے چھیالیس ویں منٹ میں ریحان بٹ نے فیلڈ گول کیا لیکن اگلے ہی لمحے ہسپانوی کھلاڑی پا گومیڈا نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ پینلٹی کارنر پر اسپین نے ایک اور گول کیا جو فیلڈ امپائر نے ڈس کوالیفائی قراردے دیا۔
اسی گروپ میں شامل آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو چھ صفر سے شکست دی۔ آسٹریلوی کھلاڑی جیمی ڈوئیر نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ گروپ بی میں جنوبی کوریا نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو صفر کے فرق سے کامیابی حاصل کی، کوریا کیجانب سے دونوں گول یو ہیو سک نے اسکور کیے۔