کراچی : (جیو ڈیسک) محمد رفیق مانگٹ آئی پی ایل میچ فکسنگ اسکینڈل میں حراست میں لیے گئے جواری نے سری لنکا کے کھلاڑی کو آئی پی ایل کا میچ فکس کرنے کے لئے 10کروڑ کی ادائیگی کا اعتراف کر لیا۔ بھارتی اخبار کے مطابق جواری سونو یوگندرا جالان عرف مالاد نے کرائم برانچ کو بتایا کہ اس نے سری لنکا کے کھلاڑی کو آئی پی ایل کا میچ فکس کرنے کے لئے 10کروڑ کی ادائیگی کی۔ ملاد نے یہ بھی نشان دہی کی کہ کچھ بھارتی کھلاڑی بھی میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ جمعرات کو سٹی کرائم برانچ نے ملاد کے ساتھ دیویندر کوٹھاری عرف بھیاجی کو بھی حراست میں لیا تھا۔
کرائم برانچ کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ کرکٹ میں جوئے کے ایک بڑے عالمی گروہ کا ایک حصہ ہیں۔ ممبئی کے کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل نے لوکھنڈاوالا بلڈنگ پر چھاپہ مار کر چار افراد کو حراست میں لیا۔ چھاپے کے دوران ان کے قبضے سے دو لیپ ٹاپ، وائس ریکارڈر، کمپیوٹر، 25 موبائل فونز اور 5.18 لاکھ روپے کی نقدی کو قبضے میں لے لیا گیا۔ تمام ملزمان کو تحت جوا ایکٹ کے تحت بند کر دیا گیا۔