گڑھی خدا بخش بھٹو : (جیو ڈیسک) چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوئی ٹکراؤ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی میچ فکسنگ ہورہی ہے میچ فکسنگ کا اب سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
گڑھی خدا بخش بھٹو میں تعمیر ہونے والے انٹر نیشنل گراؤنڈ کرکٹ گرؤانڈ کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کے انٹر نیشنل کرکٹ کی پاکستان میں بحالی کے لیے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بھارتی ٹیم کے دورے کے حوالے سے مثبت ملاقاتیں ہوئی ہیں ہم محبت کے رشتوں کو کرکٹ کے ذریعے بڑھانا چاہتے ہیں آج فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے تو ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی۔
ذکا اشرف نے کہا کے دورہ بنگلا دیش کے حوالے سے پنجاب حکومت نے غلط بیانات دیے کھیلوں میں سیاست پسند نہیں کی جاسکتی تاہم لاہور ہائی کورٹ نے جو اس حوالے سے اقدامات کیے ہیں اس سے شائقین کرکٹ کو خوشی حاصل ہوئی ہے۔ ذکا اشرف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کے پریمئر لیگ کی طرز پر پاکستان میں بھی ڈومیسٹک کرکٹ کے مقابلے جلد منعقد کیے جائیں گے ضروری نہیں کے ان مقابلوں کا نام پریمئر لیگ ہو تاہم ایسے مقابلوں کے انعقاد سے کرکٹ کے حوالے سے دنیا بھر میں پاکستان سے مثبت پیغام جائے گا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں بیٹنگ ٹیم کی ناقص کارگردگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کے اس وقت ٹیم کے ساتھ ہیڈ کوچ موجود ہیں لیکن اگر ضرورت پڑی تو بیٹنگ کوچ بھی رکھ سکتے ہیں۔ ذکا اشرف نے کہا کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف پیٹرن صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پی سی بی میں لاڑکانہ کو ریجن بنانے کی اجازت دے دی ہے اب یہاں اکیڈ می اور اپنی ٹیم بھی بنے گی جس سے اندرون سندھ کو لوگوں کو فائدہ حاصل ہو گا اور یہاں چھپا ہوا ٹیلینٹ بھی سامنے آئے گا اور یہاں کے کھلاڑی بھی قومی ٹیم میں شامل ہوں سکیں گے۔