نئی دہلی (جیوڈیسک) سیریز میں وائٹ واش کے خواب کو حقیقت بنانے کا عزم لے کر پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز کے آخری معرکے میں آج میدان میں اتریگی۔ اگر فتح پاکستان کے حصے میں آئی تو دونوں ملکوں کی اکسٹھ سالہ کرکٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ بھارت کو اپنی سرزمین پر پاکستان کے ہاتھوں وائٹ واش کی ذلت کا سامنا ہو گا۔
چنائی میں چھ وکٹوں اور کول کتہ میں پچاسی رنز کی فتح کے بعد ون ڈے سیریز میں ایک اور فتح کے لئے پر اعتماد پاکستانی کرکٹ ٹیم فیروز شاہ کوٹلا گراؤنڈ میں بھی جیت کے لئے پرعزم ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے سیریز سے پہلے ہوم گرانڈ پر ورلڈ چیمپئن بھارت کو فیورٹ قرار دینے والے کرکٹ پنڈتوں کو یو ٹرن لینے پر مجبور کر دیا ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ پاکستان نئی دہلی کا میچ جیت کر نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے۔ اگر فتح پاکستان کے حصے میں آئی تو دونوں ملکوں کی اکسٹھ سالہ کرکٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ بھارت کو اپنے گراؤنڈ پر پاکستان کے ہاتھوں وائٹ واش کی ذلت کا سامنا ہو گا۔
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں محدود اوورز کی کرکٹ میں ایک سو تیئیس مرتبہ مدمقابل آئی ہیں۔ پاکستان نے اکہتر اور بھارت نے اڑتالیس میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چار میچز نا مکمل رہے ۔ بھارتی سرزمین پر بھی گرین شرٹس کا ریکارڈ آؤٹ اسٹیڈنگ ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے انتیس میں سے انیس میچز پاکستان کی جیت پر ختم ہوئے جبکہ میزبان ٹیم صرف دس مرتبہ روایتی حریف کو زیر کرنے میں کامیاب ہوئی۔ بحیثیت کپتان بھارت کے خلاف مصباح الحق کا ریکارڈ بھی شاندار ہے۔ مصباح الحق نے چار میں سے تین میچز جیتے ہیں اور صرف ایک میچ ہارا ہے۔