نئی دہلی(جیوڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں چلتی بس میں طالبہ کے ساتھ زیادتی کے واقعے میں ملوث پانچ ملزمان پرفردِ جرم عائد کردی گئی۔ پولیس کی جانب سے دوہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں پانچ ملزمان پر اغوا، قتل اور اجتماعی زیادتی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
ایک ملزم کی عمر کم ہے اس لئے فی الحال اسے بچوں کی جیل میں رکھا گیا ہے۔ اس پر مقدمہ چلانے کا فیصلہ عمر کے تعین کے لئے کرائے جانے والے ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔ پولیس نے اس مقدمے میں چھ افراد کو گرفتار کیا تھا جن میں بس کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔
جرم ثابت ہونے پر ان افراد کو موت کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ طالبہ کے والد اور واقعے کے خلاف سراپا احتجاج ہزاروں مظاہرین بھی مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے گا۔