کراچی (جیوڈیسک) اٹھارہ برس بعد پاکستان کو اسنوکر کا عالمی چیمپئن بنانے والے محمد آصف بلغاریہ سے کراچی پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پرمداحوں اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے محمد آصف کا استقبال کیا۔کراچی کے ایئرپورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے اسنوکر چیمپئن نے جیت پوری قوم کے نام کی۔ انہوں نے دعائیں کرنے پوری قوم کا شکریہ ادا کیا۔
محمد آصف کا کہنا تھا کہ ایونٹ کیلئے فنڈز نہیں تھے، ایسوسی ایشن نے بہت ساتھ دیا۔ ورلڈ چیمپئن بننے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی کے استقبال کے لیے آنے والوں میں پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف اور اے سی بی ایس کے سینئر نائب صدر علی اصغر ولیکا اور پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور ارکان شامل ہیں۔
محمد آصف کراچی سے آبائی شہر فیصل آباد جائیں گے جہاں ان کے شاندار استقبال کیلئے تیاریاں کی گئی ہیں۔ محمد آصف نے برطانیہ کے گرے ولسن کو آٹھ کے مقابلے میں دس فریمز سے شکست دیکر اٹھارہ سال بعد پاکستان کو ورلڈ اسنوکر چیمپیئن بنایا۔ بلغاریہ کے شہر صوفیا میں ہونے والی ورلڈ اسنوکر چیمپین شپ میں ناقابل شکست رہے۔